نئی دہلی،12؍جنوری(ایس او نیوز؍ایجنسی) ہندوستان میں اب16جنوری سے کورونا وائرس کی ویکسین کی ٹیکہ کاری شروع ہونے جا رہی ہے- اس کیلئے سبھی ریاستوں میں تیاریاں زوروں پر چل رہی ہیں -
ٹیکہ کاری سے پہلے وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو سبھی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ سے ان تیاریوں کو لے کر میٹنگ کی- مودی نے وزرائے اعلیٰ کو بتایا کہ سب سے پہلے ویکسین کورونا واریئرس کو دی جائے گی- مودی نے کہا کہ ہم کورونا سے لڑائی کے فیصلہ کن مرحلے میں پہنچ گئے ہیں - ہم دنیا کے سب سے بڑے ویکسی نیشن پروگرام کا آغاز کرنے جا رہے ہیں -
نریندر مودی نے کہا کہ ہندوستان نے جن دو ویکسین کو منظوری دی ہے، وہ دونوں ہی ہندوستان میں تیار ہوئی ہیں - اس کے ساتھ ہی ہندوستان کی جیسی صورتحال ہے، اس کی بنیاد پر یہ بہت راحت کی بات ہے کہ ان ویکسین کو پہلے منظوری دی گئی ہے-نریندر مودی نے کہا کہ جن دو ویکسین کو منظوری دی گئی ہے، ان کے علاوہ 4 ویکسین بھی ابھی پائپ لائن میں ہیں - یہ ہمیں مستقبل کی بہتر تیاری کرنے میں مدد کرے گی- مودی نے کہا کہ ہمارے ماہرین ملک کے باشندوں کو صحیح ویکسین دینے کیلئے سبھی طرح کے احتیاطی قدم اٹھا رہے ہیں -